(ایجنسیز)
فلسطینی اتھارٹی اور صہیونی ریاست کے درمیان خفیہ بات چیت کے نتیجے ایک جانب فریقین میں کسی سمجھوتے کے قریب پہنچ جانے کی خبریں ہیں اور دوسری جانب اسرائیل عالمی قوانین کی مسلسل خلاف ورزیاں جاری رکھتے ہوئے مقبوضہ عرب شہروں میں یہودی آباد کاری سے باز نہیں آ رہا ہے۔ اسرائیلی وزارت داخلہ کے زیراہتمام آباد کاری و منصوبہ بندی کمیٹی نے انکشاف کیا ہے کہ حکومت شمالی بیت المقدس میں "راس شعفاط" کے مطام پر 1935 مکانات کی تعمیر کی اسکیم تیار کرچکی ہے۔ ان مکانات کی تعمیر کی تیاری سنہ 2011 ء میں شروع کی گئی تھی لیکن بوجوہ اس منصوبے پر کام روک دیا گیا تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ بیت المقدس میں قائم 'شلومو' کالونی میں 387 مکانات کی تعمیر کا ایک منصوبہ 2012 ء میں بنایا گیا تھا جس پر اب عمل درآمد کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
صہیونی وزارت داخلہ کی ذیلی کمیٹی کا کہنا ہے کہ شمالی بیت المقدس میں ہزاروں نئے مکانات کی تعمیر کے لیے ٹینڈر پہلے ہی طلب کرلیے گئے ہیں۔ نئے منصوبے میں کئی منزلہ رہائشی عمارتوں کے ساتھ ساتھ مذہبی اسکول [مدرسے] اور یہودی معبد بھی تعمیر کیے جائیں گے۔
ادھر اسرائیلی ٹیلی ویژن چینل نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ وزیر برائے یہودی آباد کاری "اوری ارئیل" شمالی بیت
المقدس کے علاقوں شعفاط اور بیت حنینا میں "رمات شلو" کالونی میں مزید ہزاروں مکانات کی تعمیر کے منصوبے پر جلد ازجلد کام شروع کرنے کے خواہاں ہیں۔
رپورٹ کے مطابق صہیونی توسیعی منصوبے میں شمالی بیت المقدس میں پہلے سے موجود کالونیوں راخس شعفات اور رمات شلوموں کو باہم مربوط کرنے والی مرکزی شاہراہ کی توسیع بھی شامل ہے۔
ٹی وی رپورٹ کے مطابق وزارت آباد کاری نے رمات شلوموں میں 387 مکانات کی تعمیر کے ٹینڈرجاری کردیے ہیں۔ منصوبے پر عمل درآمد کے لیے 20 جنوری کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق شمالی بیت المقدس میں یہودی کالونیوں میں توسیع کے اس غیرمعمولی منصوبے میں القدس کی یہودی مذہبی کونسل "میر" اور کئی دوسری مذہبی انتہا پسند تنظیمیں بھی تعاون کررہی ہیں۔ ان تنظیموں کی جانب سے رمات شلوموں میں مذہبی مدارس کے قیام کے لیے عمارتیں خرید کرنے کی پیشکش کررکھی ہے۔
اس کے علاوہ شمالی بیت المقدس میں صہیونی حکومت نے مجموعی طور پر 13 تعمیراتی منصوبے شروع کیے ہیں، ان میں سے نو پر پچھلے تین سال میں عمل درآمد بھی کرلیا گیا ہے۔ امکان ہے کہ 1790 مکانات پیش آئند سالوں میں شمالی بیت المقدس کے بالائی علاقوں راخس شعفاط، رموت، رمات شلومو اور بزگات زئیف میں تعمیر کیے جائیں گے۔